خبرنامہ پاکستان

مسافروں کوبغیر ویزا اور اجازت کے پاکستان لانے والی ایئر لائنز کو 75 لاکھ روپے کے جرمانے کئے:وزارتِ داخلہ

اسلام آباد ۔(اے پی پی) وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ کسی شخص کو بغیر ویزا اور اجازت کے پاکستان لانے والی مختلف ایئر لائنز کو گزشتہ ایک ماہ کے دوران 75 لاکھ روپے کے جرمانے کے نوٹس جاری کئے گئے جن میں سے اب تک 25 لاکھ روپے سرکاری خزانے میں جمع ہو چکے ہیں۔ پاکستان کے ویزا قوانین اور شہریت کی تصدیق کے سلسلے میں وزارت داخلہ کی جانب سے طے کئے گئے قواعد و ضوابط پر عمل نہ کرنے والی کسی بھی ایئر لائن کے ساتھ کسی قسم کی کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ منگل کو وزارت داخلہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کے احکامات کی روشنی میں پہلی مرتبہ غیر ملکی ائیر لائنز کو نہ صرف اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ کسی شخص کو بغیر ویزا اور بغیر اجازت پاکستان نہیں لائیں گی بلکہ اس پالیسی کی خلاف وزری کرنے والی ائیر لائنز پر باقاعدہ طور پر بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے ہیں۔ ترجمان وزارتِ داخلہ کے مطابق اس ضمن میں ایف آئی اے کی جانب سے گذشتہ ایک ماہ میں مختلف ائیر لانز کو 75 لاکھ روپے جرمانے کے نوٹسز جاری کئے گئے جن میں سے اب تک 25 لاکھ روپے سرکاری خزانے میں جمع ہو چکے ہیں۔ واضح رہے کہ ماضی میں جہاں ایک طرف بغیر ویزا مختلف ملکوں کے شہریوں کوپاکستان آنے کی اجازت دے دی جاتی تھی وہاں شہریت کی تصدیق کئے بغیر ہی ملکی و غیر ملکی پروازوں کے ذریعے لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو پاکستان لایا جاتا تھا ۔ متعلقہ حکام کی اس مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں جہاں ایک طرف پاکستانی ویزا قوانین کی دھجیاں اڑائی گئیں وہاں مختلف شہریت کے حامل اور مختلف جرائم میں ملوث اشخاص کو پاکستانی قرار دے کر ملک میں لایا جاتا رہا اور یوں ملک کو جرائم پیشہ افراد کیلئے ڈمپنگ گراؤنڈ بنا دیا گیا تھا۔ وزیرِداخلہ نے اس امر کا نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے اور متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ آئندہ اس سلسلے میں کسی قسم کی رعایت یا نرمی نہ برتی جائے۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر داخلہ کی ان ہدایات کی روشنی میں ایف آئی اے نے پاکستان آنے والے درجنوں لوگوں کو نا مکمل یا جعلی دستاویزات کی بنا پر اگلی ہی فلائٹ سے واپس بھیج دیا۔ کرکٹ کے مشہور کھلاڑی ڈینز جونز کو بھی پاکستانی ویزا نہ ہونے کی پاداش میں امیگریشن کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے اسی فلائٹ سے واپس کر دیا گیا تھا۔ مزید برآں حال ہی میں انڈیا سے تعلق رکھنے والی مشہور اداکارہ شرمیلا ٹیگور کو سفری دستاویزات مکمل نہ ہونے کی وجہ سے واہگہ بارڈر پر روک لیا گیا تھا تاوقتیکہ ان کی دستاویزات مکمل کی گئیں اور ان کو واپس جانے کی اجازت دی گئی۔ یہ اس بات کا واضح مظہر ہے کہ پاکستانی قانون سب کیلئے برابر ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ کی ہدایات کی روشنی میں ایف آئی اے کی جانب ویزا قوانین اور شہریت کی تصدیق کے سلسلے میں وزارتِ داخلہ کی جانب سے طے کئے گئے قواعد و ضوابط پر ان کی روح کے مطابق عمل کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی ائیر لائنز کے ساتھ کسی قسم کی کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔