خبرنامہ پاکستان

مستحکم پاکستان کاوعدہ پوراکریں گے، شہباز

لاہور (آئی این پی )وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان ماضی کے مقابلے میں آج زیادہ محفوظ ، پر امن، خوشحال اور ترقی کے سفر پر گامزن ہے، آئندہ نسلوں کو روشن اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان دینے کا وعدہ پورا کریں گے۔لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین اوررکن قومی اسمبلی اعجاز الحق نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران موجودہ سیاسی صورتحال اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے وزیراعطم محمد نوازشریف کی کامیاب آپریشن کے بعد تیزی سے صحت یابی پر شہبازشریف کو مبارک باد دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور قوم کی دعاؤں سے میاں نوازشریف روبصحت ہیں جبکہ وزیراعظم کیلئے بے پناہ دعائیں کرنے پر قوم کے شکرگزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کی خدمت کو عبادت سمجھتی ہے جبکہ پاکستان ماضی کے مقابلے میں آج زیادہ محفوظ، پرامن ، خوشحال اور ترقی کے سفر پر گامزن ہے۔آئندہ نسلوں کو روشن اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان دینے کا وعدہ پورا کریں گے۔