خبرنامہ پاکستان

مسلم لیگ (ن) آج کراچی سے الیکشن 2018 کی مہم شروع کرے گی

کراچی: مسلم لیگ (ن) آج کراچی سے الیکشن 2018 کی مہم شروع کرے گی اور اس سلسلے میں (ن) لیگ کے صدر شہباز شریف دو روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔

مسلم لیگ (ن) سندھ کے ترجمان کے مطابق شہباز شریف آج صبح ساڑھے گیارہ بجے کراچی پہنچیں گے۔

کراچی آمد کے بعد وہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) کی دعوت پر تاجروں اور صنعت کاروں سے خطاب کریں گے۔

شہباز شریف آج شام اپنے حلقے این اے 249 کا دورہ کریں گے اور بلدیہ ٹاؤن میں عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔

شہباز شریف منگل کو لیاری اور ضلع ملیر کا بھی دورہ کریں گے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 2013 میں بجلی کا بحران ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا اور آج پاکستان میں بجلی کی لوڈشیدنگ تقریباً ختم ہو چکی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں کراچی کا امن واپس آ چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اسلامی، فلاحی مملکت بنانے کا خواب پورا ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

دوسری جانب گزشتہ روز قائد مسلم لیگ (ن) اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے لندن میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ بیگم کلثوم نواز کی بیماری کی وجہ سے فی الحال ان کے لیے الیکشن مہم میں حصہ لینا ممکن نہیں۔

واضح رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیموتھراپیز ہو چکی ہیں۔

رواں ماہ 15جون کوکلثوم نوازکی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں ایک بار پھر اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ اب تک وینٹی لیٹرپرہیں۔