خبرنامہ پاکستان

مسلم لیگ (ن) وطن عزیز کو قائد کا پاکستان بنائیگی ، پرویز رشید

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) وطن عزیز کو قائد کا پاکستان بنائے گی جہاں مسلک، مذہب، لسانیت، علاقائیت کی بنیاد پر تفریق نہ ہو۔ ہم سب ایک عقیدے اور ایمان کے حامل پاکستانی ہیں۔ خیبرپختونخوا کی پی ٹی آئی کی حکومت کی جانب سے ایک مدرسہ کو 30کروڑ روپے دئیے جانے کی مخالفت پر عمران خان نے میرے خلاف مقدمہ درج کرانے کی بات کی۔ وہ جمعرات کو یہاں پنجاب ہاؤس میں شیعہ علماء کونسل آزاد کشمیر کی جانب سے 21 جولائی کو انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی حمایت کے اعلان کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما علامہ زاہد نقوی، حافظ کفایت نقوی، مسلم لیگ (ن) کے رہنما پیر علی رضا بخاری، ڈپٹی میئر اسلام آباد میٹرو پولیٹن رفعت جاوید، ذیشان نقوی، ارشد غازی اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر دونوں جماعتوں کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے جس میں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لئے آزاد کشمیر کو حقیقی معنوں میں بیس کیمپ بنانے، کشمیر پالیسی کشمیری قائدین کی مشاورت اور اعتماد سے تشکیل دینے، اقتصادی راہداری منصوبے میں آزاد کشمیر کو شامل کرنے، بجلی کے منصوبوں پر ریاست کو رائلٹی دینے اور آزاد کشمیر کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دینے کے نکات شامل تھے۔ وزیراطلاعات پرویز رشید نے شیعہ علماء کونسل کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کی حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 1977ء سے قبل پاکستان میں مسلک یا مذہب کی بنیاد پر کوئی تفریق نہیں تھی۔ ہم وہی پاکستان چاہتے ہیں جہاں مذہب، مسلک، زبان، نسل یا علاقہ کی بنیاد پر ایک دوسرے میں تفریق نہ ہو، ہم سب پاکستانی ہیں اور یہی قائداعظم کی تعلیمات تھیں اور اسی پر پاکستان کی تشکیل ہوئی۔ مسلک کی بنیاد پر تقسیم نہ تو قائداعظم اور نہ ہی علامہ اقبال کا خواب تھا، ہم سب نے مل کر اسی پاکستان کے لئے جدوجہد کرنی ہے، ہم سب کے دکھ، مذہبی تہوار، عبادات ساجھی ہیں۔ طریقوں میں فرق ہو سکتا ہے تاہم ایمان، عقیدہ اور پاکستانیت ایک ہے، سب کے حقوق یکساں ہیں، نمائندگی اور عہدے پر مساوی حق ہے تاہم یہ اہلیت اور قابلیت کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسا پاکستان تشکیل پائے جہاں سب مل جل کر رہیں، کوئی کسی کے مسلک کو چھیڑے نہیں اور اپنا مسلک چھوڑے نہیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے جب بجٹ میں ایک مدرسہ کو 30کروڑ روپے دئیے جانے کی بات کی گئی تو اس کی مخالفت کرنے پر عمران خان نے میرے خلاف مقدمہ درج کرانے کی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ اہلبیت کے ساتھ نواز شریف کی محبت کا یہ عالم ہے کہ انہوں نے اپنے دونوں بیٹوں کے نام حسین اور حسن رکھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں انتخابات سے قبل مسلم لیگ (ن) نے کسی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں کیا تاہم بعدازاں حکومت سازی میں تمام مکاتب فکر کو نمائندگی دی ، یہی قائداعظم کا تصور تھا اور یہی میاں محمد نواز شریف کا وژن ہے، ہم سب کو لے کرساتھ چلیں گے۔ علامہ زاہد نقوی نے کہا کہ پاکستان کی ایک تاریخ اور نظریہ ہے۔ ہم نے کبھی اختلاف کی تائید نہیں کی یہ غیرملکی ایجنڈا ہے، ہمارے قائدین نے ہمیشہ اتحاد کی بات کی۔ مسلم لیگ (ن) کا پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بڑا کردار ہے۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی قیادت نوازشریف کے تعمیرو ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہو گی، میرٹ اور گڈگورننس قائم کرے گی۔ نواز شریف کو ہم اتنا ہی پسند کرتے ہیں جتنا اپنے بزرگوں کو پسند کرتے ہیں، نواز شریف کی جماعت کو ہمیشہ آزاد کشمیر میں سپورٹ کریں گے۔

Back to Conversion Tool

Urdu Home