خبرنامہ پاکستان

مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی بلال ورک تحریک انصاف میں شامل

مسلم لیگ ن کے

مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی بلال ورک تحریک انصاف میں شامل

اسلام آباد:(ملت آن لائن) پنجاب سے مسلم لیگ نون کی ایک اور بڑی وکٹ گر گئی، شیخوپورہ سے رکن قومی اسمبلی بلال ورک تحریک انصاف کے قافلے میں شامل ہوگئے۔ رکن قومی اسمبلی بلال ورک نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان پنجاب سے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی بلال ورک نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی اور پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ملاقات کے دوران بلال ورک نے تحریک انصاف کی قیادت اور منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ایک خاندان نے اپنے اثاثے بنانے کیلئے پنجاب اور ملک کے وسائل بے دردی سے لوٹے, اپنی چوری بچانے کیلئے پارلیمان کو بے توقیر اور ریاستی اداروں پر یلغار کی گئی، جس کے بعد مزید اس خاندانی سیاست کا حصہ نہیں بن سکتا۔ بلال ورک نے کہا کہ مسلم لیگ نواز نے پارلیمان کو عملی طور پر غیر متعلق بنا کر رکھ دیا، اداروں کو دھمکانے اور آئین کاحلیہ بگاڑنے کیلئے پارلیمان کو استعمال کرنے کی غلط رسم ڈالی گئی، پاکستان کو انتشار کی نہیں، چوروں کے احتساب کی ضرورت ہے۔ چئیر مین پی ٹی آئی عمران خان نے بلال ورک کی ساتھیوں سمیت پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان کی سیاست ختم ہو رہی ہے, شریف فیملی نے جس عدلیہ اور اداروں کو بدنام کرنے کی سازش کی قوم 29 اپریل کو لاہور جلسے میں اسی عدلیہ اور اداروں کیساتھ یکجہتی کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ طاقتور مافیا کے احتساب پر چیف جسٹس اور انکے ساتھی ججز تحسین کے مستحق ہیں، جن کا احتساب ہو رہا ہے، انہوں نے اپنے بچوں کی جائیدادیں بنانے کیلئے قوم کی آئندہ نسلوں پر غلامی، غربت اور جہالت مسلط کی مگر اب نظریاتی سیاست کا دور لوٹ رہا ہے، اداروں کو بلیک میل کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائیں گے۔
مسلم لیگ ن کے ایم پی اے نصراللہ گھمن نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیارکرلی
یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں پیپلزپارٹی کے لیہ سے رکن اسمبلی شہاب الدین، ق لیگ کے پاکپتن سے رکن اسمبلی احمدشاہ اور فیصل آباد کے آزاد رکن اسمبلی احسن ریاض پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے۔ اس سے قبل فیصل آباد سے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے نصراللہ گھمن نے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔ خیال رہے کہ 2 مارچ کو مسلم لیگ ن کے حلقہ 81 سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی نثار احمد جٹ ساتھیوں کےساتھ تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے۔ دریں اثناء فروری میں گوجرانوالہ سے منتخب ہونے والے موجودہ اور سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی میاں طارق اور میاں مظہر نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔