خبرنامہ پاکستان

مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی تحریک انصاف میں شامل

مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی تحریک انصاف میں شامل

اسلام آباد:(ملت آن لائن) مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رضا حیات بیراج نے عمران خان سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ ترجمان تحریک انصاف کے مطابق مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رضا حیات نے جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر عمران خان سے ملاقات کی اور اُن کے قافلے میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے رضا حیات بیراج کو تحریک انصاف میں شامل ہونے پر مبارک باد پیش کی اور بروقت صحیح فیصلے کو سراہا۔ رضا حیات بیراج خانیوال کے حلقہ این اے 156 سے 2013 میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ خیال رہے کہ 2 مارچ کو مسلم لیگ ن کے حلقہ 81 سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی نثار احمد جٹ نے ساتھیوں سے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی دریں اثناء فروری میں گوجرانوالہ سے منتخب ہونے والے موجودہ اور سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی میاں طارق اور میاں مظہر نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔
کپتان کا باؤنسر، ن لیگ کی قومی اسمبلی سے بڑی وکٹ گر گئی
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کو پنجاب کے علاقے گوجرنوالہ سے 25 فروری اتوار کے روز بڑا دھچکا اُس وقت لگا تھا کہ جب حلقہ این اے 98 سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسبملی میاں طارق محمد نے بڑی تعداد میں ساتھیوں سمیت اپنی پارٹی کو چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے وزیر دفاع خرم دستگیر کے مدمقابل الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا۔ مسلم لیگ ن کو خیرباد کہنے والوں میں 3 میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمینز، وائس چیئرمینز اور دیگر بلدیاتی نمائندے شامل تھے علاوہ ازیں سابق اراکین صوبائی اسمبلی ڈاکٹر غلام سرور اور میاں مظہر جاوید نے بھی ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن کو الوداع کہا تھا۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں آئین کی انتخابی شق میں ختم نبوت ﷺ کے قانون کی ترمیم کے معاملے پر مسلم لیگ ن گوجرنوالہ کے عہدیدار مخدوم ارشد قمر نے ساتھیوں سمیت پارٹی کو چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
مسلم لیگ ن کے رکن قومی و صوبائی اسمبلی تحریک انصاف میں شامل
ارشد قمر نے پارٹی کو خیر باد کہتے ہوئے مؤقف اختیار کیاتھا کہ ’میں پنجاب کی علماء کمیٹی کا اہم رکن تھا اور متعدد بار پارٹی قیادت کے سامنے ختم نبوت ﷺ کے معاملے پر آواز بلند کی مگر شنوائی نہیں ہوئی‘۔ قبل ازیں ایک روز قبل یعنی 23 دسمبر کو مسلم لیگ ن پی پی 62 سے منتخب ہونے والے رکن پنجاب اسمبلی رضا نصر اللہ گھمن نے ایم پی اے کی نشست سے استعفیٰ دیا تھا۔ مسلم لیگ ن کو ختم نبوت کے معاملے پر پہلا بڑا دھچکا فیصل آباد کے جلسے میں لگا تھا کیونکہ اس جلسے میں رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ، ڈاکٹر نثا جٹ جبکہ رکن پنجاب اسمبلی نظام الدین سیالوی، محمد خان بلوچ، مولانا رحمت اللہ سمیت کئی بلدیاتی امیدواران نے بھی مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا تھا۔