خبرنامہ پاکستان

مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی

اسلام آباد:(اے پی پی)وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ کامران مائیکل اور وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے روم میں مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس سے ملاقات کی اور وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی طرف سے انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ کامران مائیکل نے روم سے دنیا نیوز کو بتایا کہ پوپ فرانسس کو رواں سال کے آخر میں دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے اور اس بات کی خوشی ہے کہ انہوں نے یہ دعوت قبول کر لی ہے ۔ کامران مائیکل کا کہنا ہے کہ پوپ فرانسس کو دورہ پاکستان کی دعوت باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے دی گئی ہے ۔ پوپ فرانسس نے ملاقات میں پاکستان میں دہشت گردی کا شکار افراد اور انکے اہل خانہ کے لئے خصوصی دعا بھی کی۔