خبرنامہ پاکستان

مشال قتل کیس: مطلوب ملزم صابر مایار نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا

مشال قتل کیس:

مشال قتل کیس: مطلوب ملزم صابر مایار نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا

مردان:(ملت آن لائن) مشال قتل کیس کے مطلوب ملزم صابر مایار نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔ مردان کے ڈپٹی پولیس آفیسر (ڈی پی او) ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق ملزم صابر مایار گذشتہ 11 ماہ سے مفرور تھا۔ ڈی پی او نے مزید بتایا کہ کیس کے دوسرے مطلوب ملزم اسد کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ رواں ماہ 8 مارچ کو خیبرپختونخوا پولیس نے مشال قتل کیس کے روپوش مرکزی ملزم عارف خان کو مردان سے گرفتار کیا تھا۔
مشال قتل کیس
مردان کی عبدالولی خان یونیورسٹی میں جرنلزم کے طالب علم 23 سالہ مشال خان کو گذشتہ برس 13 اپریل کو مشتعل ہجوم نے توہین مذہب کا الزام لگا کر فائرنگ اور تشدد کرکے ابدی نیند سلادیا تھا۔ واقعے کے دن ہی اس قتل کا مقدمہ درج کیا گیا اور یونیورسٹی کو غیر معینہ مدت تک کے لیے بند کردیا گیا تھا۔ دوسری جانب سپریم کورٹ نے مشال کے قتل کا ازخود نوٹس بھی لیا اور جے آئی ٹی بھی تشکیل دی گئی۔ جے آئی ٹی نے مشال کو بےقصور قرار دیا جب کہ مقدمے میں ویڈیو کی مدد سے 61 ملزمان کو نامزد کیا گیا جن میں سے 58 کو گرفتار کرلیا گیا، جن میں فائرنگ کا اعتراف کرنے والا ملزم عمران بھی شامل تھا جبکہ پی ٹی آئی کا تحصیل کونسلر عارف، طلباء تنظیم کا رہنما صابر مایار اور یونیورسٹی کا ایک ملازم اسد ضیاء مفرور تھے۔ تاہم اب ملزم عارف اور صابر مایار بھی پولیس کی حراست میں ہیں جبکہ ملزم اسد ضیاء کی تلاش جاری ہے۔