خبرنامہ پاکستان

وزیراعظم کی صدارت میں اجلاس، پاناما کیس کے ممکنہ فیصلے پرمشاورت

اسلام آباد(ملت آن لائن)وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس جاری ہے جس میں پاناما کیس پر سپریم کورٹ کے ممکنہ فیصلہ کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت جاری مشاورتی اجلاس میں اہم وفاقی وزرا سمیت سیاسی اور قانونی مشیر شریک ہیں جب کہ اجلاس میں سپریم کورٹ کے ممکنہ فیصلہ کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے ردعمل اور قانونی پہلوؤں پر غورکیاجا رہا ہے جب کہ وزیراعظم پاناما کیس کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی وزرا اور قریبی رفقا کے ساتھ سنیں گے۔
سپریم کورٹ ملکی تاریخ کے اہم ترین پاناما کیس کاحتمی فیصلہ آج سنائے گی۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلے کے مطابق جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس گلزار احمد، جسٹس اعجاز افضل، جسٹس شیخ عظمت سعیداور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل 5 رکنی لارجر بینچ وزیراعظم کی اہلیت یا نااہلی کے متعلق فیصلہ سنائے گا۔

قبل ازیں جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں جسٹس عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل 3 رکنی عملدرآمد بینچ کے روبرو جے آئی ٹی نے 10 جولائی کو اپنی رپورٹ پیش کی تھی عدالت نے 5 سماعتوں کے دوران رپورٹ پرفریقین کے اعتراضات سنے اور 21 جولائی کو فیصلہ محفوظ کیا، اب حتمی فیصلے کیلیے چیف جسٹس آف پاکستان کی طرف سے 5 رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا گیا ہے۔