خبرنامہ پاکستان

نواز شریف سے مشاہد اﷲ خان کی غیر رسمی ملاقات

نواز شریف سے مشاہد اﷲ خان کی غیر رسمی ملاقات

اسلام آباد: (ملت آن لائن) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما مشاہد اﷲ خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن آمد پر ایئرپورٹ لاؤنج میں منعقدہ غیر رسمی اجلاس میں شعر و شاعری کی زبان میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال بیان کی اور شرکاء کو محظوظ کیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کو سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی پر ایئرپورٹ کے لاؤنج میں جب غیر رسمی اجلاس منعقد ہوا اور اس دوران نواز شریف نے تازہ ترین سیاسی صورتحال بارے پوچھا تو سب نے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مشاہد اﷲ خان کی طرف اشارہ کیا کہ یہ سنائیں گے۔ تو اس پر مشاہد اﷲ خان جو شعر و شاعری کے حوالے سے کافی مشہور ہیں انہوں نے ملکی تازہ ترین سیاسی صورتحال کو شعر و شاعری کی زبان میں انتہائی دلچسپ انداز سے پیش کیا جس سے شرکاء کافی محظوظ ہوئے۔
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کا پنجاب ہاؤس آمد پر وفاقی وزراء‘ ڈپٹی سپیکر اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر سینئر رہنماؤں نے زبردست خیر مقدم کیا اور اوران کی گاڑی پر گل پاشی کی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو سابق وزیراعظم نواز شریف ایئرپورٹ سے سیدھا پنجاب ہاؤس پہنچے جہاں پہلے سے موجود سینئر رہنماؤں ‘ وفاقی وزیر قانون زاہد حامد‘ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین‘ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی‘ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری‘ گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ سمیت دیگر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا اوران کی گاڑی پر گل پاشی کی۔ اس دوران پنجاب ہاؤس میں ایک مشاورتی اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں نیب عدالت میں ریفرنسز اور موجودہ تازہ ترین سیاسی صورتحال تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اس دوران نواز شریف نے کہا کہ وہ اپنے خلاف مقدمات کے سلسلے میں احتساب عدالت میں پیش ہونے اور حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے آئے ہیں۔ انہوں نے سینئر رہنماؤں سے گفتگو میں کہا کہ مزید مشاورت (آج) جمعہ کو احتساب عدالت میں پیش ہونے کے بعد ہوگی۔