خبرنامہ پاکستان

مشاہد حسین سید سینٹ کی نشست سے مستعفی

مشاہد حسین سید

مشاہد حسین سید سینٹ کی نشست سے مستعفی

اسلام آباد:(ملت آن لائن) مسلم لیگ ن میں حال ہی میں شمولیت اختیار کرنے والے سینیٹرمشاہدحسین سید اپنی سینٹ کی رکنیت سےمستعفی ہوگئے ہیں‘ وہ 2012 سے سینٹ کے رکن تھے ۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے اپنا استعفیٰ چیئرمین سینٹ کو بھجوادیا ہے‘ مشاہد حسین مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے تھے‘ سینٹ سیکریٹریٹ نے ا ن کے استعفے کی تصدیق کردی ہے۔ مشاہد حسین سید 2012 میں مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے تھے‘ ذرائع کا کہنا ہے کہ اب وہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر سینٹ کا الیکشن لڑیں گے۔ سابق نا اہل وزیراعظم نواز شریف سے چار فروری کو رائے ونڈ میں ان کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں مشاہد حسین سید نے نوازشریف کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت پرآمادگی کا اظہارکیا تھا۔ خیال رہے کہ پرویز مشرف کے دور میں مشاہد حسین سید نے مسلم لیگ ن کو خیرباد کہہ کرمسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کی تھی اور طویل عرصے سے اس جماعت سے منسلک تھے۔مسلم لیگ ق نے گزشتہ سال دسمبر میں پارٹی کے نظم وضبط کی خلاف ورزی پرسینیٹرمشاہدحسین سید کو ایوان بالا میں پارلیمانی لیڈر کی حیثیت سے ہٹا دیا تھا‘ جبکہ کچھ ماہ قبل انہیں مسلم لیگ ق کے سیکریٹری جنرل کے عہدے سے بھی ہٹا یا گیا تھا۔ انہوں نے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز سنہ 1990 میں اسلامی جمہوری اتحاد سے کیا تھا‘ جس کی سربراہی نواز شریف کررہے تھے‘ انہوں نے وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے خارجہ امور کے طور پر بھی اپنی خدمات انجام دیں۔ اس سے قبل وہ ایک انگریزی روزنامے سے بھی وابستہ رہ چکے تھے۔ مشاہد حسین سید سینٹ کمیٹی برائے خارجہ امور‘ کشمیر امور اور ناردرن ایریاز کے چیئرمین بھی رہے ہیں۔