خبرنامہ پاکستان

مشترکہ مفادات کونسل کا مردم شماری موخر کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد:(اے پی پی) وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل نے اتفاق رائے سے ایک مرتبہ پھر مردم شماری کو موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی اور محکمہ شماریات کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری محکمہ شماریات نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مردم شماری پورے ملک میں ایک ہی وقت میں کی جائے گی جس میں شفافیت برقرار رکھنے کے لے پاک فوج کے 3 لاکھ اہلکاروں کی ضرورت ہے لیکن مسلح افواج اس وقت آپریشن ضرب عضب میں مصروف ہیں۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ مردم شماری کا مرحلہ وارانعقاد کیا گیا تو یہ عالمی معیار کے طے شدہ طریقہ کار کی خلاف ورزی ہوگی اس لئے مردم شماری کا مرحلہ وار انعقاد ممکن نہیں جب کہ مردم شماری پرصوبائی حکومتوں اور مسلح افواج کے ساتھ دوبارہ مشاورت کی جائے گی۔