مشرف کا جائیداد قرقی کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان
مقدمہ بے بنیاد ، جھوٹا اور خود ساختہ ہے ، صحتیابی کے بعد وطن واپس آ کر مقدمات کا فیصلہ کروں گا :سابق صدر
اسلام آباد پرویز مشرف نے بے نظیر بھٹو قتل کیس کے فیصلے میں جائیداد قرقی کے حکم کو چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ۔ سابق صدر کا کہنا ہے کہ انہیں سیاسی بنیادوں پر پھنسایا گیا ، صحت یاب ہوکر وطن واپس آکر مقدمے کا سامنا کریں گے ۔ بے نظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ ، سابق صدر پرویز مشرف کا باضابطہ ردعمل سامنے آگیا ، مقدمہ بے بنیاد، جھوٹ اور خود ساختہ قرار دے دیا ۔ صحتیابی کے بعد وطن واپس آکر عدالت کا سامنا کرنے کا اعلان بھی کر دیا ۔ آل پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے جاری بیان میں سابق صدر پرویز مشرف نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کے قتل سے تعلق تھا نہ ہی کوئی مفاد وابستہ تھا ۔ انہیں سیاسی بنیادوں پر مقدمے میں ملوث کیا گیا ۔ ان کے خلاف مارک سیگل کے بیان کے علاوہ کوئی ثبوت نہیں اور اس بیان کو بھی ان کے وکیل عدالت میں بے معنی اور فضول ثابت کرچکے ہیں ۔ سابق صدر نے واضح کیا کہ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کا فیصلہ ان کے خلاف نہیں۔ مقدمہ داخل دفتر ہے ، وہ مکمل صحتیاب ہونے کے بعد وطن واپس آکر عدالتوں کا سامنا کریں گے ۔ پرویز مشرف نے کہا کہ ان کی قانونی ٹیم جائیداد قرقی کے عدالتی حکم کا جائزہ لے رہی ہے ۔ اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی ۔