وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کی خواہش ہے کہ خطے میں امن و استحکام ہو کیونکہ جب امن ہوگا تو ہم معاشی، روزگار اور دیگر مسائل پر توجہ دیں سکیں گے۔
ملتان میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت کی خواہش ہے کہ مشرقی اور مغربی سرحد پر امن ہو۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک اسلامی ملک ہے، کسی کے بیان سے ہمارا نظریہ تبدیل نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا الگ صوبہ ہونا ہماری خواہش اور منشور کا حصہ ہے اور اس کو عملی شکل دینے کے لیے کام ہورہا ہے، تاہم کچھ قانونی رکاوٹیں اور آئینی وجوہات ہیں، جسے مل کر حل کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بلا تفریق احتساب کی بات کرتی ہے، ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، ہمارے کسی فرد یا کسی بھی پاکستانی کو عدالت بلایا جاتا ہے تو اس کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس کا جواب دے، ہم قانون کی حکمرانی کا احترام کرتے تھے اور کرتے رہیں گے۔