خبرنامہ پاکستان

مشن جی ٹی روڈ: نواز شریف کا قافلہ لاہور پہنچ گیا

لاہور:(ملت آن لائن) فضاؤں میں نغموں کی گونج عروج پر ہے۔ سبز پارٹی پرچموں کی بہار چھا گئی ہے۔ پُرجوش کارکن کا رقص اور نعرے بازی اپنا رنگ جما رہی ہے۔ نواز شریف امامیہ کالونی پہنچ گئے
نواز شریف کا قافلہ جو بدھ کے روز اسلام آباد کے پنجاب ہاؤس سے روانہ ہوا تھا اسے لاہور کے بیرونی دروازے شاہدرہ کی امامیہ کالونی تک پہنچنے میں 77 گھنٹے اور 58 منٹ کا عرصہ لگا۔ امامیہ کالونی شاہدرہ پہنچنے پر مسلم لیگ نون کی مقامی قیادت کی جانب سے نواز شریف اور ان کے ساتھیوں کا استقبال پھولوں کی پتیوں سے کیا گیا۔ اس سے قبل آج صبح نواز شریف کا قافلہ خرم دستگیر کے بہنوئی کے گھر گوجرنوالہ سے روانہ ہوا تو کارکنوں نے نواز شریف کی گاڑی کو گھیر لیا اور دیوانہ وار نعرے لگائے۔ مداحوں نے نواز شریف کی گاڑی پر دل کھول کر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ کچھ پُرجوش کارکن گاڑی کے ساتھ ساتھ بھاگتے رہے اور کچھ منچلے کارکن ناچ ناچ کر نہال ہوتے رہے۔ راستے میں سڑک کے دونوں اطراف لوگوں کی بڑی تعداد نواز شریف کو دیکھنے کے لئے موجود رہی۔ جھومتے، جھامتے، گاتے، بجاتے، نعرے لگاتے ہر کارکن کا اپنا اپنا انداز تھا۔ پرجوش کارکنوں نے والہانہ انداز میں رقص کے ساتھ سماں باندھے رکھا۔ ایمن آباد سے کامونکی تک منٹوں کا سفر گھنٹوں میں کٹا۔ گاڑیوں اور گھروں کی چھتوں پر موجود کارکن خطاب سننے اور بھرپور استقبال کیلئے بے تاب رہے۔ سیالکوٹ سے پہنچنے والے خواجہ آصف نے بھی خوب نعرے لگائے۔ مرید کے پہنچتے ہی نواز شریف گاڑی سے نکلے اور خطاب کے لئے سٹیج پر چلے گئے۔ انہوں نے کارکنوں کو دیکھ کر ہاتھ ہلایا۔ نواز شریف کا خطاب ہمیں یہ بے عزتی منظور نہیں، مرید کے والوں کا جذبہ انقلاب کا پیش خیمہ ہے کارکنوں نے فلک شگاف نعرے لگائے۔ مختصر خطاب کے بعد نواز شریف کا مشن جی ٹی روڈ نعروں کی گونج میں اپنی اختتامی منزل لاہور کی جانب چل پڑا۔