خبرنامہ پاکستان

مشکلات کی وجہ قرآن کی تعلیمات سے رو گردانی ہے‘ مولانا فضل الرحمن

مشکلات کی وجہ قرآن کی تعلیمات سے رو گردانی ہے‘ مولانا فضل الرحمن

ڈیرہ اسماعیل خان(ملت آن لائن) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ آج امت مسلمہ جن پریشانیوں ‘اختلافات ‘مشکلات‘گروہ بندیوں کاشکار ہے اس کی بڑی وجہ قرآن اور اس کی تعلیمات سے روگردانی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے یہاں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ امن بھائی چارہ ‘محبت‘اخوت کے پیغام کو دنیابھر میں پھیلانے میں علمائے کرام کوکرداراداکرناہوگا۔ انہوں نے کہاکہ فسق وفجوراوربے حیائی کے تعفن نے ہمارے ماحول کو آلودہ کیاہواہے‘ قرآن پاک کی تلاوت خوبصورت آوازوں کے ذریعے دین اسلام کے پیغام کو پھیلانے سے ہمارا ماحول ‘فضاء معطرہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قرآن قوموں کیلئے ہدایت کا ذریعہ بناہے جب ہم اس کو پڑھیں گے اور اس پرعمل کریں گے تو کامیاب ہونگے‘ قرآن پاک سے شفاء حاصل کی جائے تو یہ پورے جہاں کیلئے رحمت بنتاہے‘ دلوں کی بیماریوں کو دور کرتاہے‘ تروتازگی بخشتاہے‘ اور اگر اس سے رو گردانی کی جائے تو سوائے خسارے کے اورکوئی نتیجہ نہیں نکلتا۔ انہوں نے آخر میں کہاکہ ہم نے قرآن کے نظام کے نفاذکیلئے اس ملک کوحاصل کیااﷲ ہمیں اس مقصدکی تکمیل کی توفیق عطافرمائے۔