خبرنامہ پاکستان

مصطفیٰ کمال اورانیس قائم خانی کوجلد احساس ہوگا کہ انھوں نے پاکستان آکرغلطی کی، وسیم اختر

کراچی:(آئی این پی) ایم کیو ایم کی جانب سے کراچی کے نامزد میئر وسیم اختر کہتے ہیں کہ مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کو جلد احساس ہوجائے گا کہ انھوں نے پاکستان آکرغلطی کی۔ سندھ ہائی کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وسیم اخترنے کہا کہ دبئی سے آنے والے دونوں حضرات اسی طرح جھانسے میں آئے ہیں، جس طرح آفاق احمد ہوا تھا، اس کا احساس انہیں جلد ہی ہوگا کہ انھوں نے پاکستان آکرغلطی کی۔ دیکھتے ہیں کہ ان دونوں کے سر پر جوہاتھ ہے وہ کب تک رہتا ہے۔ چنددنوں میں دودھ کادودھ اورپانی کاپانی ہوجائے گا۔ ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال نہ سیاستدان رہے ہیں نہ ماضی میں ان کا کوئی سیاسی تجربہ ہے، یہ دونوں افراد نہ تو سیاستدان ہیں اورنہ ہی ان کی کوئی اہمیت ہے، اگر وہ پاکستان آنے سے پہلے مشورہ کرتے تو ضروردیتے لیکن اب یہ دونوں پارٹی سے نکل گئے ہیں۔ وسیم اختر کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال نے اپنے دور میں جو کام کیے وہ کوئی راکٹ سائنس نہیں تھی، شہر میں ہونے والے ترقیاتی کام ٹیم ورک کا نتیجہ تھا ، اس وقت وہ خود مشیر بلدیات تھے، پرویز مشرف کے زمانے میں وسائل فراہم کئے جارہے تھے، اس وقت کوئی بھی ہوتا تو کام کرتا۔