خبرنامہ پاکستان

مصطفی کمال نے متحدہ کوایک بار پھرکلین بولڈ کردیا

کراچی:(آئی این پی)مصطفی کمال جب سے دبئی سے کراچی آئے ہیں یکے بعد دیگرے ایم کیو ایم کی وکٹیں گرانے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔ آج بھی انھوں نے متحدہ کی اہم وکٹ گرادی ہے اور متحدہ کے ایک اہم رہنما کو اپنی پارٹی میں شامل کرلیا ہے۔ مصطفی کمال کے قافلے میں سابق صوبائی وزیر آئی ٹی رضا ہارون بھی شامل ہوگئے ہیں۔آج صبح سے ہی رضا ہارون کی مصطفی کمال کے قافلے میں شامل ہونے کے حوالے سے خبریں سننے کو مل رہی تھیں، لیکن اس بات کا باقاعدہ اعلان انھوں نے مصطفی کمال کے ساتھ پریس کانفرنس میں کیا۔ پریس کانفرنس میں رضا ہارون کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کسی کی پوجا کرنے کے لیے نہیں بنائی گئی تھی۔ایم کیو ایم جس کام کے لیے بنی تھی اس راہ سے ہٹ گئی ہے،ہمارے مڈل کلاس لوگ اب اپر کلاس لوگ بن گئے ہیں۔ایم کیو ایم نے کوٹہ سسٹم کے لیے کچھ نہیں کیا،ملک کی محب وطن قوم کو ”را“ کا ایجنٹ بنادیا گیا۔