خبرنامہ پاکستان

مصطفی کمال نے ہمارے مؤقف کی تائید کر دی،عمران

اسلام آباد:(اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مصطفی کمال نے ہمارے مؤقف کی تائید کردی، انھوں نے سچ بول کر اچھا کیا۔ چیف الیکشن کمیشنر نے دھاندلی میں ملوث 200 سے 400 مجرموں کو معاف کرنیکا اعلان کیا ہے جس کا انکو کوئی اختیار نہیں، تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات آئندہ ماہ اپریل میں کرائے جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے پریس کانفرنس سے خطاب اور اپنے ٹویٹر پیغام میں کیا۔ اس موقع پر پارٹی کے چیف الیکشن کمشنر تسنیم نورانی بھی موجود تھے۔ عمران خان نے کہا کہ نوازشریف نے تمام اداروں میں اپنے بندے رکھے ہیں، ایشیاکپ میں ناکامی کے بعد اب نوازشریف اور نجم سیٹھی کرکٹ ورلڈ کپ کھیلنے کی تیاری کریں،چیف الیکشن کمشنر کے ساتھ انٹرا پارٹی انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا ہے۔ احتساب کمیشن کو منصفانہ اور آزادانہ بنانے کیلیے جلد بل صوبائی اسمبلی میں منظوری کیلیے پیش کر رہے ہیں، ہم چیف الیکشن کمشنر آزادکشمیر سے مطالبہ کرتے ہیں وہ کشمیر میں انتخابات سے قبل نادرا سے ووٹر لسٹوں کی تحقیقات کرائیں۔ دریں اثنا پاکستان میں متعین بھارتی ہائی کمشنرگھوتم بمباوالے نے عمران خان سے ملاقات کی، ملاقات کے د وران پاک بھارت تعلقات، کرکٹ ، مسئلہ کشمیرسمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔