خبرنامہ پاکستان

مظاہرین نے نفرتیں پیدا کیں’ احسن اقبال

امرکا نے پاکیستان کا مذاق اڑایا ہے: احسن اقبال

مظاہرین نے نفرتیں پیدا کیں’ احسن اقبال
اسلام آباد:(ملت آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے دنیا نیوز کے پروگرام ٹونائٹ وِد معید پیرزادہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھرنے والوں نے ملک میں سیاسی اور مذہبی سطح پر جو نفرت پیدا کی ہے اس کے اثرات ہمیں بھگتنے پڑیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سکیورٹی اداروں نے نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کی ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ فیض آباد دھرنے کے دوران دہشتگردوں کے حملے کی پلاننگ کی اطلاعات تھیں، اگر دھرنا ختم نہ ہوتا تو ہلاکتوں کا خدشہ تھا، مظاہرین نفرت کی بناء پر لوگوں کے گھروں پر حملے کر رہے تھے، دھرنا ختم نہ ہوتا تو مسلک کی جنگ چھڑ سکتی تھی، سی پیک بہت تیزی کیساتھ آگے بڑھ رہا ہے، پندرہ دنوں میں پاکستان کے امیج کو بہت نقصان ہوا، اس نقصان کے اثرات خارجی اور اندرونی سطح پر بھگتنے پڑیں گے۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے لئے کوئی خطرہ نہیں، الیکشن میں کارکردگی کی بنیاد پر جائیں گے، مسلک کی جنگ اور سیاست کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دھرنے کے خلاف آپریشن کے دوران ابھی تک 6 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے، مسلمانوں نے 800 سال سپین میں حکومت کی تھی، مذہبی رہنماؤں سے درخواست کروں گا کہ ماضی سے سبق سیکھنا چاہئے، اگر وزراء ہر محلے کے مولوی کے سامنے حلف لیں گے تو پھر ملک کدھر جائے گا؟ بعد ازاں نارووال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جمہوری عمل کا تسلسل پاکستان کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے، آئندہ انتخابات کیلئے سازشیں کی جا رہی ہیں، تمام سیاسی جماعتیں سینیٹ سے نئی حلقہ بندی کے قانون کی منظوری دیں، نئی حلقہ بندی سے بروقت انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جا سکے گا۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ سی پیک کی ترقی نے پاکستان دشمن قوتوں کے ہوش اڑا دیئے ہیں، پاکستان ترقی کرے گا اور سی پیک منصوبہ کامیاب ہو گا۔