خبرنامہ پاکستان

معروف مذہبی اسکالر جنید جمشید کی زندگی پر ایک نظر

لاہور: (ملت+اے پی پی) جنید جمشید 3 ستمبر 1964 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ وہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے فارغ التحصیل طالبعلم تھے۔ انھوں نے پاپ موسیقی گروپ وائتل سائنز کے نمائندہ گلوکار کی حیثیت سے شہرت حاصل کی۔ 1987ء میں جنید جمشید موسیقی کی دنیا میں تازہ ہوا کا جھونکا بن کر آئے۔ یہ وہ دور تھا جب پاکستان میں سینما انڈسٹری آخری دموں پر تھی اور پرائیویٹ چینلز کا خواب بھی کسی نے شاید نہیں دیکھا تھا صرف پاکستان ٹی وی گھر گھر دیکھا جاتا تھا وہ بھی شام سے نصف شب تک۔ ایسے میں جنید جمشید نے ایک پاپ گروپ ترتیب دیا جس کا نام تھا ”وائٹل سائنز“۔ اس گروپ نے ٹی وی پر ایک ملی نغمہ ”دل دل پاکستان“ متعارف کرایا جس میں مغربی آلات موسیقی استعمال کئے گئے تھے۔ دل دل پاکستان ایک دو بار ہی ٹی وی اسکرین پر آیا اور اس کے بعد تو گویا دیکھتے ہی دیکھتے لاکھوں دلوں کی آواز بن گیا۔ اس وقت کا شاید ہی کوئی ٹی وی پروگرام، ٹاک شو یا میوزک پروگرام ایسا ہو گا جس میں اس نغمے کا ذکر نہ ہوتا ہو۔ یوم آزادی، یوم پاکستان اور دیگر قومی دنوں پر تو اس کی دھنیں بجنا لازمی سا بن گیا تھا۔ اس نغمے کی بدولت جنید جمشید موسیقی کی دنیا پر ایسے چھائے کہ اگلی پوری دھائی میں ان کا کوئی جوڑ پیدا نہ ہو سکا لیکن پھر اچانک ہی جنید کے ذوق نے ”یوٹرن “ لیا اور جنید جمشید نے موسیقی کو خیر باد کہہ دیا اور نعتیہ کلام اور حمد وثناء پڑھتے نظر آنے لگے۔