خبرنامہ پاکستان

مغربی کنارے میں یہودی آبادکاری غیرقانونی ہے، صدرممنون

جکارتا:(اے پی پی)صدرممنون حسین نے کہا ہے کہ مغربی کنارے میں یہودی آبادکاری کا قیام اوردیوارکی تعمیرغیرقانونی ہے۔عالمی برادری تاریخی ناانصافی کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرے۔ جکارتا میں اوآئی سی کے غیرمعمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممنون حسین کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو زمینی حقائق میں تبدیلی کے اندیشے کے حامل اقدامات سے بازرہنا چاہیے،وہ دن دورنہیں جب فلسطینی آزاد ریاست کے مالک ہوں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کے نیچے کھدائی اور فلسطینیوں کی بدخلی کو فوری روکا جائے اور فلسطینی عوام کی مذہبی آزادی کو تسلیم کیا جائے۔ انہوںمطالبہ کیا کہ تمام فلسطینی قیدیوں کو رہاکیا جائے۔صدرممنون حسین نے کہا کہ مسئلے کا حل دوالگ ریاستوں کے قیام میں ہے،فلسطینیوں کی خودمختارریاست کا دارالحکومت القدس شریف ہوگا۔ ممنون حسین کا کہنا تھا کہ مسلم امہ کو بہت سے مسائل اورچیلنجزدرپیش ہیں۔تسلط کے شکارفلسطین اور مقبوضہ کشمیرکی اصل وجوہات فراموش ہوتی جارہی ہیں،انتہاپسندی اوردہشت گردی کی وجہ سے اسلام کا تاثرمجروح ہوا ہے،حالیہ مہینوں میں فلسطینی بھائی،خواتین اوربچے بڑی تعداد میں شہید ہورہے ہیں، اور عالمی برادری فلسطینی عوام کے ساتھ ظلم کا خاموشی سے تماشا دیکھ رہی ہے۔اوآئی سی کے فورم پرپہلی مرتبہ کسی پاکستانی سربراہ نے اردومیں تقریر کی ۔