خبرنامہ پاکستان

مفتی عبدالقوی نے اعتراف کر لیا

مفتی عبدالقوی نے اعتراف کر لیا

ملتان:(ملت آن لائن) مفتی عبدالقوی نے اعتراف کیا ہےکہ قندیل بلوچ کے قتل میں ملوث ملزمان کے زیر استعمال گاڑی کا مالک ان کا رشتے دار ہے۔

قندیل بلوچ قتل کیس میں نامزد ملزم مفتی عبدالقوی 3 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد مزید 2 روز کے ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں۔

مفتی عبدالقوی نے دوران تفتیش پولیس کو بیان دیا کہ قتل میں ملوث ملزمان کے زیر استعمال کار ان کے رشتے دار کی ہے، کار کا مالک اور ڈرائیور ان کا رشتے دار ہے۔
قندیل قتل کیس: مفتی عبدالقوی کا 5 گھنٹے طویل پولی گرافی ٹیسٹ

مفتی عبدالقوی نے بتایا کہ عبدالباسط کی کار قتل کے دوران مرکزی ملزمان وسیم اورحق نواز نےاستعمال کی تھی جب کہ ڈرائیور عبدالباسط کے دادا اور میرے دادا خالہ زاد بھائی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں قندیل بلوچ کو مبینہ طور پر ان کے بھائی وسیم نے غیرت کے نام پر قتل کیا تھا جب کہ مقدمے میں مقتولہ کا کزن حق نواز بھی شامل تھا اور یہ دونوں ملزمان اس وقت ملتان جیل میں ہیں۔

مفتی عبدالقوی، قندیل بلوچ کے ہمراہ اس وقت منظرعام پر آئے جب گزشتہ سال رمضان المبارک کے دوران ماڈل نے چند سیلفیز اور ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔