خبرنامہ پاکستان

مفتی عبدالقوی کی رویت ہلال کمیٹی سے رکنیت مستقل طور پر ختم

اسلام آباد:(ملت+اے پی پی) وزارت مذہبی امور نے مفتی عبدالقوی کی رویت ہلال کمیٹی سے مستقل طور پر رکنیت ختم کردی ہے اور اس کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ وزارت مذہبی امور نے رویت ہلال کمیٹی سے مفتی عبدالقوی کی رکنیت ختم کردی ہے اور اس کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ مفتی قوی کی رکنیت 22 جون 2016 سے ختم کی گئی ہے اور اس کی وجہ مفتی قوی کی مقتول ماڈل قندیل بلوچ کے ساتھ تصاویر ہیں۔ نوٹی فکیشن کے مطابق وزارت مذہبی امور نے مفتی عبدالقوی کو پاکستان مدرسہ بورڈ اور مذہبی امور سے متعلق خدمات کی انجام دہی سے بھی روک دیا ہے اور اس حوالے سے چئیرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر مرحوم ماڈل قندیل بلوچ کےساتھ سیلفیاں آنے کے بعد مفتی قوی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ان کے خلاف وزارت مذہبی امور نے تحقیقاتی کمیٹی بھی بنائی تھی، وزارت مذہبی امور نے مفتی عبدالقوی کو تحریری معافی مانگنے کی بھی پیشکش کی تھی لیکن مفتی قوی نے تحریری معافی مانگنے سے انکار کردیا تھا جبکہ ماڈل قندیل بلوچ کے قتل کے بعد انہیں ماڈل کے قتل کے حوالے سے پولیس نے تحقیقات میں بھی شامل کررکھا ہے۔