خبرنامہ پاکستان

مفتی عبد القوی کا 6 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور

مفتی عبد القوی کا 6 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور
ملتان: (ملت آن لائن) ملتان میں قندیل بلوچ قتل کیس میں ملزم مفتی عبد القوی عدالت میں پیش، عدالت نے پولیس کو کیس کا چالان مکمل کرنے کی سختی سے ہدایات دیتے ہوئے کیس کی سماعت 13 نومبر تک ملتوی کر دی۔ قندیل بلوچ قتل کیس میں ملزم مفتی عبد القوی کو جوڈیشل مجیسٹریٹ پرویز خان کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس کا چالان تاحال مکمل نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے مفتی عبد القوی کا مزید جوڈیشل ریمانڈ دیا جائے جس پر عدلات نے تفتیشی افسر کی سرزنش کی اور پولیس کو اگلی پیشی پر ہر صورت چالان مکمل کرنے کے احکامات دیئے۔ اس موقع پر مفتی عبد القوی کے وکلاء کا کہنا تھا کہ ان کے موکل کا قندیل بلوچ کے قتل میں کوئی کردار نہیں تاہم اسکے باوجود پولیس چالان کی تکمیل میں جان بوجھ کر تاخیر حربے استعمال کر کے مفتی عبد القوی کو سازشوں کی بھینٹ چڑھانا چاہتی ہے جس کا چیف جسٹس آف پاکستان بھی نوٹس لیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 13 نومبر تک ملتوی کر دی ہے جس کے بعد مفتی عبد القوی کو دوبارہ سینٹرل جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔