خبرنامہ پاکستان

مقبوضہ کشمیر، بھارتی فورسزکےہاتھوں خاتون کےقتل کی شدید مذمت

مقبوضہ کشمیر، بھارتی فورسزکےہاتھوں خاتون کےقتل کی شدید مذمت
سرینگر:(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے ضلع کپواڑہ میں ہندواڑہ کے علاقے یونسو میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ایک خاتون کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق آزادی پسند رہنماؤں نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں پیر کو محاصرے اور تلاشی کارروائی کے دوران بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہیدہونے والی خاتون مسرہ بانو اورتین نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ غیر قانونی طورپر نظربند جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چےئرمین محمد یاسین ملک نے سینٹرل جیل سرینگر سے ایک پیغام میں کہا کہ بھارتی فورسز نے جموں وکشمیر میں ظلم و بربریت کی تمام حدیں پار کرلی ہیں۔ انہوں نے ضلع بانڈی پورہ میں ایک ڈرائیور اور ایک نوجوان کو تشدد کانشانہ بنانے کی بھی مذمت کی ہے۔ یاسین ملک نے کہا کہ بھارتی فورسز کو انسانی زندگی کا کوئی احترام نہیں ہے۔ انہو ں نے کہا کہ قاتلوں کو ملنے والی چھوٹ نے انہیں وحشی بنادیا ہے اور وہ معصوم لوگوں کو قتل کرنے میں کوئی شرم محسوس نہیں کرتے۔ انہو ں نے کہاکہ پوری وادی کشمیر کو میدان جنگ میں تبدیل کیا گیا ہے جہاں قابض بھارتی فورسزنے خوف ودہشت کا ماحول قائم کررکھا ہے۔ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز نے جس بے دردی کے ساتھ معصوم خاتون کو شہید کیا ہے اس سے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے مذموم عزائم ظاہر ہوجاتے ہیں۔ جموں وکشمیر سالویشن مومنٹ کے چےئرمین ظفر اکبر بٹ نے شہید خاتون مسرہ بانو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری خواتین نے تحریک آزادی میں بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔ انسانی حقوق کے گروپ وائس آف وکٹمزنے ایک بیان میں خاتون کے قتل کو ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال قراردیا۔جموں وکشمیرپیپلزفریڈم لیگ کے چےئرمین محمد فاروق رحمانی نے بھی ایک بیان میں ہندواڑہ میں خاتون کے ظالمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے نظربند پارٹی رہنما محمد رمضان خان کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کااظہار کیاہے۔