خبرنامہ پاکستان

مقبوضہ کشمیر، بھارتی فورسز نے دنیا میں آنے سے پہلے ہی ایک بچے کے والد کواس سے چھین لیا

سرینگر ۔ 10 جولائی (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں ممتاز مجاہد کمانڈر برہان مظفر وانی کی بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہادت کے بعد علاقے میں ہونے والے مظاہروں پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ہفتے کے روز شہید ہونے والے سولہ افراد میں مشاق احمد نامی شہری بھی شامل تھا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع اسلام آباد کے علاقے ناتھ پورہ کے رہائشی مشتاق احمد کے اہل خانہ نے میڈیا کو بتایا کہ وہ مغرب کی نماز کے لیے گھر سے باہر گیا تھا جب بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکارو ں نے اسے گولیاں مار دیں۔ انہوں نے کہا کہ مشتاق احمد کاروبار کرتا تھا اور وہ اس میں ترقی کی جانب گامزن تھا۔ انہوں نے کہا کہ مشاق کی چھ ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی اورامید سے ہونے کے باعث اسکی اہلیہ چند ماہ تک بچہ جننے والی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ مشاق احمد اب باپ بننے والا تھا لہذاوہ انتہائی خوش تھا۔اہل خانہ نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز نے ایک بچے کے اس دنیا میں آنے سے پہلے ہی اسکے والد کو اس سے چھن لیااور یہ ہنستا ہوا خاندان غم والم کی تصویر بن گیا۔