خبرنامہ پاکستان

مقبوضہ کشمیر، بھارتی پولیس کاجلوس کے شرکا پروحشیانہ تشدد

مقبوضہ کشمیر، بھارتی پولیس کاجلوس کے شرکا پروحشیانہ تشدد
سرینگر:(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کی طر ف سے پریس انکلیو سرینگر سے نکالے جانے والے ایک احتجاجی جلوس کے شرکا ء پرطاقت کاوحشیانہ استعمال کرکے پارٹی کے چیف آرگنائیزر امتیاز احمدشاہ سمیت کئی کارکنوں کو مارپیٹ کا نشانہ بنانے کے بعد گرفتار کر لیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پیپلز فریڈم لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ پارٹی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کے خلاف تنظیم کے چیف آرگنائز امتیاز احمد شاہ کی قیادت میں پریس انکلیو سے ایک احتجاجی جلوس نکالنے کی کوشش کی لیکن بھارتی پولیس نے جلوس پر دھاوا بول کر کارکنوں کو آگے جانے سے زبردستی روک دیا۔ ترجمان نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے امتیاز احمد شاہ سمیت کارکنوں کو مار پیٹ کا نشانہ بنایا جس کے بعد انہیں گرفتار کرکے کوٹھی باغ تھانے میں نظربند کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے امتیاز احمد شاہ کو تھانے میں بھی مارا پیٹا جس کے باعث انہیں سخت چوٹیں آئیں۔ ترجمان نے کہا کہ گرفتار افراد میں پیپلز فریڈم لیگ کے گلزار احمد کھانڈے اور شوکت احمد بٹ بھی شامل ہیں۔ ترجمان نے جلوس کے شرکاء کی مارپیٹ اورگرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سونہ وار کے علاقے میں قائم اقوام متحدہ کے مبصرین دفتر میں مقبوضہ علاقے کی ابترصورتحال کے حوالے سے ایک یادداشت پیش کرنا چاہتے تھے۔انہوں نے تنظیم کے پہلے سے غیر قانونی طور پر نظر بند جنرل سیکرٹری محمد رمضان خان سمیت تمام گرفتار افراد کی جلد از جلد رہائی کا مطالبہ کیا۔دریں اثنا پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے بھی اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں پارٹی کے احتجاجی جلوس کے شرکاء پر بھارتی پولیس کی مارپیٹ اور امتیاز احمد شاہ اور دیگر کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔