خبرنامہ پاکستان

مقبوضہ کشمیر، سید علی گیلانی اور دیگر کا شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت

مقبوضہ کشمیر، سید علی

مقبوضہ کشمیر، سید علی گیلانی اور دیگر کا شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھو ں کھنموہ سرینگر میں شہیدہونے والے دو کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان بھارت کے جبری قبضے سے آزادی کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان بیش بہا قربانیوں کی ہر قیمت پر حفاظت کریں۔ راسخ نبی بٹ اور شبیر احمد کو جمعہ کے روز سرینگر کے مضافاتی علاقے بلہامہ کھنموہ میں شہید کردیا گیا تھا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ تحریک آزادی اس وقت ایک انتہائی ناز ک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم انکے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں اور آپسی تفرقہ بازی، انتشار اور افتراق سے خود کو محفوظ رکھیں۔ سید علی گیلانی نے کشمیری فوٹو جرنلسٹ صحافی کامران یوسف کی ضمانت رہائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ این آئی اے اور دیگر بھارتی اداروں نے کشمیری طلباء، مزدوروں اور تاجروں کو بلاوجہ ہراساں اور پریشان کرنا اپنا معمول بنا لیا ہے ۔سید علی گیلانی نے کہا کہ ظالمانہ کارروائیوں سے کشمیریوں کو حق خودارادیت کے مطالبے سے دستبردار نہیں کیا جاسکتا ۔دریں اثنا سیدعلی گیلانی کی ہدایت پر اشفاق احمد خان ، مختار احمد اور دیگر کارکنوں پر مشتمل تحریک حریت جموں وکشمیر کے ایک وفد نے ترال جاکر شہیدراسخ نبی بٹ کے اہل خانہ کے اظہار یکجہتی کیا۔جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شہید نوجوانوں کو خراج عقیدیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں تحریک آزادی کا ایک بیش بہا اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بیگناہ کشمیری نوجوانوں کے پے در پے قتل اور جبر استبداد کے دیگر ہتھکنڈوں سے تحریک آزادی کشمیر کو ہرگز دبا نہیں سکتا۔جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں راسخ نبی اور شبیر احمد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے مقبوضہ علاقے میں بیگناہ نوجوانوں کا خون مسلسل بہہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیے بغیر خطے میں ہر گز امن قائم نہیں ہو سکتا۔ جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے ایک بیان میں شہید نوجوانوں کو خراج عقید ت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی بیش بہا قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر حل نہ ہونے کی وجہ سے علاقے میں قیمتی انسانی جانوں کا زیاں مسلسل جاری ہے۔ جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے بھی سرینگر میں جاری ایک بیان میں شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوان اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دیکر یہ پیغام دے رہے ہیں کہ کشمیریوں کوغیر قانونی بھارتی تسلط ہر گز تسلیم نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک بھارت کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت نہیں دیتا ، وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔تحریک مزاحمت نے بھی شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان جانبازوں کو ہمارا بہترین خراج عقیدت یہی ہوگا کہ ہم منزل مقصود کے حصول تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں۔