خبرنامہ پاکستان

مقبوضہ کشمیر؛ بھارتی پولیس نےسیمینار کے انعقاد سے روک دیا

مقبوضہ کشمیر؛ بھارتی پولیس نےسیمینار کے انعقاد سے روک دیا
سرینگر:(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے مشترکہ مزاحمتی قیادت کو سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کی رہائش گاہ پر ایک سیمینار کے انعقاد سے روک دیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے (آج) اتوار کو منائے جانے والے انسانی حقوق کے عالمی دن کے تناظر میں ’’کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور عالمی برادری کی خاموشی ‘‘ کے عنوان سے ایک سیمینار کے انعقاد کا اعلان کر رکھا تھا۔ سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک اور دیگر نمایاں شخصیات کو سیمینار سے خطاب کرنا تھا۔ سید علی گیلانی کے گھر کے باہر تعینات بھارتی پولیس اور پیراملٹری اہلکاروں نے شرکاء کو گھرمیں داخل نہیں ہونے دیا ۔سید علی گیلانی پہلے سے گھر میں نظر بند ہیں جبکہ میر واعظ عمر فاروق کو بھی گزشتہ روز سرینگر کے علاقے نگین میں اپنے گھر میں نظر بند کردیا گیا تھا ۔ محمد یاسین ملک گرفتاری سے بچنے کیلئے روپوش ہو چکے ہیں ۔ انکا اتوار کو انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر مشترکہ حریت قیادت کے زیر اہتمام سرینگر میں اقوا م متحدہ کے دفتر کی طرف ایک مارچ کی قیادت کا پروگرا م ہے۔ کٹھ پتلی نے ہفتہ کی صبح سویرے سے کسی کو بھی سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں واقع سید علی گیلانی کے گھر میں جانے کی اجازت نہیں دی ۔ انتظامیہ نے حریت چیئرمین کے گھر کے متصل ائر پورٹ روڈپر بھی بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پویس اہلکار تعینات کر کے اسے سیل کر دیا ۔سڑک پر تعینات قابض اہلکاروں نے حریت کارکنوں ، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے ارکان کو سید علی گیلانی کے گھر کی طرف جانے سے روک دیا۔ سید علی گیلانی کے گھریلو ملازمین کو بھی گھر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔