خبرنامہ پاکستان

مقبوضہ کشمیر:برہان مظفر وانی تحریک مزاحمت کی علامت تھے، میر واعظ عمرفاروق

سرینگر ۔ 10 جولائی (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چےئرمین میرواعظ عمرفاروق نے کہا ہے کہ برہان مظفر وانی کشمیریوں کی تحریک مزاحمت کی علامت تھے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق میرواعظ عمر فاروق نے جو سرینگر میں اپنے گھر میں نظربند ہیں ،ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ مقامی سطح پرنوجوان اور تعلیم یافتہ کشمیری لڑکے تحریک آزادی کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان نہ تو باہر تربیت کے لیے گئے ہیں اور نہ ہی ان کے پیچھے کوئی بیرونی طاقت ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کو سیاسی سپیس نہیں دی جارہی ہے اس لئے وہ بندوق اٹھا رہے ہیں۔میرواعظ نے کہا کہ 2010ء میں بھارتی فورسز نے معصوم کشمیریوں کو قتل کرکے اور ڈرا دھمکا کر عوامی احتجاج کو ٹال دیا۔ انہوں نے کہا برہان کی شہادت سے مزید نوجوانوں کو اس راہ پر چلنے کی ترغیب ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ کشمیری عوام احساس محرومیت کے شکار ہیں۔کشمیری محسوس کررہے ہیں کہ بھارت نہ مذاکرات اور نہ ان کے جذبات کو سمجھنے کے لیے تیار ہے اوربی جے پی اور پی ڈی پی کی کٹھ پتلی مخلوط انتظامیہ نے مسئلے کو مزید پیچیدہ بنادیا ہے۔ لوگ محسوس کررہے ہیں کہ بھارت کشمیریوں کو ثقافتی ، مذہبی اور سیاسی لحاظ سے کمزور کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ وہ سمجھ رہے ہیں کہ اب پرامن جدوجہد کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ستم ظریفی یہ ہے کہ مخلوط کٹھ پتلی انتظامیہ میں شریک جماعت اپنا ایجنڈ ا بھی بھول گئی ہے۔ اب وہ نہ سیلف گورننس ، نہ آرمڈ فورسز سپیشل پاورزایکٹ اور ان دیگر مسائل پر بات کرتی ہے جو وہ اقتدار سنبھالنے سے پہلے اٹھاتی رہی ہے۔میرواعظ نے علماء کرام کے خلاف کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی بیان بازی پر افسوس کا اظہارکیا۔