خبرنامہ پاکستان

مقبوضہ کشمیر:مشتعل ہجوم کے حملے میں پولیس اہلکار ہلاک، تین اہلکار لاپتہ

سرینگر ۔ 10 جولائی (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے کہا ہے کہ ضلع اسلام آباد کے علاقے بجبہارہ میں لوگوں کے ایک مشتعل ہجوم نے ایک پولیس اہلکار پر حملہ کرکے اسے ہلاک کردیا اوراس کی گاڑی دریائے جہلم میں پھینک دی۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ایک پولیس افسر کا کہنا ہے کہ مشتعل لوگوں نے جنوبی کشمیر میں ایک پولیس سٹیشن پر حملہ کیا جس کے بعد تین پولیس اہلکار لاپتہ ہیں ۔دریں اثناء بھارتی پولیس نے آج شمالی کشمیر کے ضلع باندی پورہ میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی اور آنسو گیس کے گولے داغے۔ نوجوان مجاہد کمانڈر برہان وانی کی شہادت پر احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکل آئے اورقابض فوسز نے انہیں روکنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے بعد علاقے میں مظاہرین اور بھارتی پولیس کے درمیان جھڑپیں شروع ہوئیں۔ مقامی مساجد میں لاؤڈ سپیکروں پر مذہبی ترانے سنائے جارہے ہیں۔ادھر سرینگر میں ایس ایم ایچ ایس ہسپتال کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ پیلٹس سے زخمی ہونے والے اٹھارہ نوجوانوں کو آنکھوں کی روشنی سے محروم ہونے کا خدشہ ہے۔