خبرنامہ پاکستان

مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی بربریت سے مزید 2 نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی بربریت سے مزید 2 نوجوان شہید

سری نگر:(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں نے سرچ آپریشن کے نام پر مزید 2 نوجوانوں کو شہید کردیا۔ بھارتی فوج کی مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی جاری ہے اور ضلع اسلام آباد میں بھارتی فوجیوں نے سرچ آپریشن کے نام پرمزید 2 نوجوانوں کوشہید کردیا۔ نوجوانوں کی شہادت کے بعد علاقے میں بھارتی فوج کے خلاف مظاہرے کیے گئے جس پر بھارتی فورسز کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیاں برسائی گئیں جب کہ وادی میں موبائل و انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی جانب سے مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی اورشہری آبادی کونشانہ بنایا جارہا ہے جس پر اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کی خاموشی ایک سوالیہ نشان ہے۔
……………………………
اس خبر کو بھی پڑھیے…نواز شریف کو سزا ہوئی تو جیل سے پارٹی چلائیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف کو سزا ہوئی تو جیل سے پارٹی چلائیں گے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے جیل جانے کی باتیں مفروضوں پر مبنی ہیں تاہم اگر وہ جیل گئے تو وہاں سے بھی پارٹی پالیسی بناسکتے ہیں، وہ اس سے پہلے بھی مشرف دور میں پارٹی چلاتے رہے ہیں، لوگوں نے جیل میں رہ کر الیکشن جیتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس طرح کے فیصلوں سے نواز شریف کی سیاست ختم نہیں ہوگی، نہ فوجی حکومتوں میں نوازشریف کی سیاست ختم ہوئی اور نہ آج کوئی کرسکتا ہے، اس سے پہلے بھی نوازشریف کو ہائی جیکر ٹھہرایا گیا ہے اور آج بھی ممکن ہے کہ عدالتیں ایسا فیصلہ کردیں، جیل میں ہونا نہ ہونا کوئی بات نہیں، نوازشریف پہلے بھی جیل میں رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد پارٹی نے فیصلہ کیا کہ شہباز شریف پارٹی صدر اور نوازشریف قائد ہوں گے، پارٹی فیصلوں میں نواز شریف کی رائے کی اہمیت ہوتی ہے، فیصلے پہلے بھی مشاورت سے ہورہے تھے اور اب بھی ہوں گے۔