خبرنامہ پاکستان

مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم ، پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

لاہور:(آئی این پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع کرا دی گئی ۔ وفاقی حکومت سے بھارتی فوج کی بربریت کا نوٹس لیکر مظالم رکوانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا مطالبہ کر دیا گیا ۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی جانب سے جمع کرائی جانے والی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا ایوان کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی بھرپور مذمت کرتا ہے ۔ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت بھارتی فوج کی بربریت کا سختی سے نوٹس لے اور وفاقی حکومت کشمیریوں پر بھارتی مظالم رکوانے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لائے ۔ قرار داد میں بھارتی مظالم کے نتیجے میں شہید ہونے والے کشمیریوں کے درجات کی بلندی کے لئے دعابھی کی گئی ہے ۔