خبرنامہ پاکستان

مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کےخلاف پاکستان میں آج یوم سیاہ منایا جارہا ہے

اسلام آباد:(اے پی پی) مقبوضہ کمشیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان بھر میں آج یوم سیاہ منایا جا رہا ہے جب کہ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ آزمائش کی ہر گھڑی میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ مقبوضہ وادی میں مسلسل تیرھویں روز بھی کرفیو نافذ ہے اور بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلنے کاعمل بھی جاری ہے جب کہ بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں کی تعداد 47 ہوگئی ہے۔ بھارتی مظالم کے خلاف گزشتہ روز کنٹرول لائن کے دونوں طرف یوم الحاق پاکستان منایا گیا جب کہ آج پاکستان بھر میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔ مسلسل کرفیو کے باعث مقبوضہ وادی میں کھانے پینے کی اشیا ءاور دواؤں کی شدید قلت ہو گئی ہے جب کہ میڈیا اور سوشل میڈیا دونوں کو مکمل طور پر خاموش کردیا گیا ہے اور تمام تعلیمی ادارے بھی 24 جولائی تک بند رہیں گے۔ ادھر حریت کانفرنس کی اپیل پر 4 روزہ احتجاجی تحریک بھی شروع کردی گئی ہے جب کہ بھارتی فورسز نے خوف پھیلانے کے لیے چھاپے مارکر سیکڑوں نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے جنہیں تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور ان کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کیے جارہے ہیں۔