خبرنامہ پاکستان

مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی فائرنگ سے نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی فائرنگ سے نوجوان شہید

سری نگر:(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی دہشت گردی جاری ہے، بھارتی فوج کی فائرنگ سے نوجوان شہید ہوگیا۔ مقبوضہ کشمیر کے ضلع بدگام میں قابض بھارتی فوج نے فائرنگ کرکے نوجوان کو شہید کردیا، فائرنگ سے 17 سالہ لڑکی سمیت 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔ بھارتی فوج نے بڈگام میں بیرواہ کے علاقے خان محلہ کا محاصرہ کیا اور سرچ آپریشن شروع کردیا، اس دوران قابض فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شخص شہید اور تین افراد زخمی بھی ہوگئے۔ بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ نوجوان عسکریت پسند تھا جو فائرنگ کے نتیجے میں گولیوں کا نشانہ بن گیا، دوسری جانب نوجوان کی شہادت کے خلاف کشمیریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور بھارتی فوج کے خلاف احتجاج کیا۔
مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز کی فائرنگ‘ 2 نوجوان شہید
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے 2 نوجوانوں کو شہید کردیا تھا، جبکہ 20 مارچ کو قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے علاقے ہلمت پورہ میں سرچ آپریشن کی آڑ میں 4 کشمیری نوجوان کو شہید کردیا تھا۔ یاد رہے کہ صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے، ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کشمیریوں‌ کا قتل عام کررہی ہے، کشمیری خواتین کی بے حرمتی کی جارہی ہے مگر عالمی سطح پر کوئی ردعمل سامنے نہیں‌ آرہا.