خبرنامہ پاکستان

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم وستم پر خاموشی اختیار نہیں کر سکتے: دفتر خارجہ

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم وستم پر خاموشی اختیار نہیں کر سکتے: دفتر خارجہ
اسلام آباد:(ملت آن لائن) ترجمان دفترِ خارجہ ڈاکٹر فیصل کا دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کے لئے کور ایشو تھا اور ہے، خاموشی اختیار نہیں کرینگے کیونکہ اس کے حل تک جنوبی ایشیا میں امن واستحکام یقینی نہیں بن سکتا۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین کارروائیوں کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ بھارت کشمیر کے مسئلہ پر ضد اور ہٹ دھرمی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ کشمیر جنوبی ایشیا کا فلیش پوائنٹ ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے قتل و غارت میں اضافہ عالمی برادری کے لئے چیلنج ہے۔ پاکستان بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف عالمی محاذ گرم کر رہا ہے۔ پاکستانی سفارتخانوں کو کشمیریوں پر ہونیوالے ظلم وستم پر حکومتوں کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی نسل کشی حق خود ارادیت پر اثر انداز نہیں ہو سکتی۔ بد ترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی ضمیر کو جاگنا چاہیے۔ بھارت طاقت اور قوت کے ذریعے کشمیروں کی آواز کو دبا نہیں سکتا۔ آج کشمیریوں کی تیسری نسل میدانِ عمل میں موجود ہے۔ پیلٹ گنز کے استعمال کے ذریعے نوجوانوں کو اندھا کیا جا رہا ہے۔