خبرنامہ پاکستان

ملالہ اورپرویزمشرف کا ایدھی کیلئےنوبل انعام کامطالبہ

لندن (آئی این پی)امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی لڑکی ملالہ یوسفزئی نے کہا ہے کہ میری نظر میں پوری دنیا میں نوبل انعام کا عبدالستار ایدھی سے زیادہ حقدار کوئی نہیں ہے‘ ایدھی صاحب نے انسانیت کیلئے جو خدمات انجام دی ہیں اس کیلئے امن کا نوبیل انعام بہت کم ہے‘ایدھی صاحب نے ایک تاریخ چھوڑی ہے کہ انسانیت کی خدمت کرنی چاہیے اور یہ ہم کبھی نہیں بھولیں گے۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اگر ہم ان کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتے ہیں تو ان کے راستے پر چلیں۔ایدھی فاؤنڈیشن کے بانی عبدالستار ایدھی کی وفات کے بعد برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ وہ ایدھی صاحب کو نوبیل انعام کے لیے نامزد کر چکی ہیں۔ملالہ یوسفزئی کا کہنا تھا ’امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے کے ناطے میرے پاس حق ہے کہ میں نوبیل کے لیے نامزدگی دے سکتی ہوں اور میں نے عبدالستار ایدھی کو نامزد کیا ہے ۔انھوں نے کہا ’ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ ایدھی صاحب نے جو خدمات سرانجام دی ہیں اس کے لیے امن کا نوبیل انعام بہت کم ہے۔ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ انھوں نے انسانیت کی خدمت کی اور اپنی ساری عمر اس میں صرف کر دی۔انہوں نے کہا کہ ایدھی صاحب نے ایک تاریخ چھوڑی ہے کہ انسانیت کی خدمت کرنی چاہیے اور یہ ہم کبھی نہیں بھولیں گے۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اگر ہم ان کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتے ہیں تو ان کے راستے پر چلیں۔ملالہ کا مزید کہنا تھا کہ حالات کے پیش نظر ان کی ملاقات ایدھی سے نہیں ہو سکی تاہم کئی بار فون پر بات ضرور ہوئی تھی۔’بہت عزت اور فخر کی بات ہے کہ مجھے ان سے بات کرنے کا موقع ملا۔ واضح رہے کہ ملالہ یوسفزئی کو امن کا نوبیل انعام ملنے کے موقع پر بھی پاکستان میں یہ بحث چھڑی تھی کہ ایدھی اس انعام کے زیادہ حقدار تھے۔ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے بھی فخر پاکستان عبد الستار ایدھی کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے عبد الستار ایدھی کی وفات پر ویڈیو پیغام کے ذریعے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ عبد الستار ایدھی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔سابق صدر پرویز مشرف نے مطالبہ کیا کہ عبد الستار ایدھی کو بعد از مرگ ان کو نوبل انعام دیا جانا چاہئیے ، انہوں نے کہا کہ عبد الستار ایدھی کو اب تک نوبل انعام مل جانا چاہئیے تھا کیونکہ عبد الستار ایدھی بھی مدرٹریسا ہی کی طرح نوبل انعام کے حقدار ہیں۔