خبرنامہ پاکستان

ملالہ دنیا کی سب سے کم عمر پیغامبرِ امن بن گئیں

نیویارک (ملت آن لائن + آئی این پی)پاکستان کی نوبیل انعام یافتہ طالبہ ملالہ یوسف زئی کو اقوام متحدہ کی جانب سے ‘میسنجر آف پیس’ یعنی امن کا پیغامبر مقرر کر دیا گیا ،19 سالہ ملالہ نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں وہ اپنے اس نئے کردار میں وہ دنیا بھر میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ میں مدد کریں گی۔ملالہ یوسف زئی امن کی پیغامبر کا عہدہ سنبھالنے والی دنیا کی سب سے کم عمر فرد ہیں جبکہ امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے کے معاملے میں بھی وہ سب سے کم عمر ہیں۔ملالہ یوسف زئی کو ‘امن کے پیغامبر’ کی ذمہ داریاں گزشتہ روز نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران سونپی گئیں۔ٹرسٹی شپ کونسل چیمبر میں منعقدہ تقریب میں ملالہ کا کہنا تھا کہ تبدیلی کا عمل ہم سے شروع ہوتا ہے اور اسے شروع ہو جانا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ اگر آپ ایک روشن مستقبل کے خواہشمند ہیں تو آپ کو آج سے کام شروع کرنا ہوگا اور اس کے لیے کسی کا انتظار نہیں کرنا چاہیے۔اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتوریس نے نے ملالہ یوسف زئی کے انتخاب کے بارے میں کہا کہ ملالہ یوسف زئی سنگین خطرات کے باوجود خواتین، لڑکیوں اور عام انسانوں کے حقوق کے لیے اپنے غیر متزلزل عہد پر قائم رہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ملالہ دنیا کی شاید سب سے اہم چیز یعنی تعلیمِ عام کی علامت ہیں۔لڑکیوں کی تعلیم کے لیے ان کی ہمت نے دنیا بھر کے لوگوں میں پہلے ہی تحریک پھونک رکھی ہے۔ اور اب اقوام متحدہ کی سب سے کم عمر امن کی پیغامبر بن کر ملالہ انصاف پرور اور پر امن دنیا بنانے میں مزید کرادار ادا کریں گی۔ملالہ یوسف زئی 12 جولائی سنہ 1997 میں پاکستان کی وادی سوات میں پیدا ہوئیں۔ سنہ 2012 میں طالبان کی فائرنگ کی زد میں آنے کے بعد وہ دنیا بھر میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے جدو جہد کی علامت بن گئیں۔ حملے میں زندہ بچ جانے کے بعد وہ دنیا بھر میں لڑکیوں کی تعلیم کی علمبردار بن گئیں۔سنہ 2013 میں ملالہ اور ان کے والد ضیا الدین یوسف زئی نے لڑکیوں میں بیداری پیدا کرنے کے لیے ملالہ فانڈیشن قائم کی۔ ملالہ یوسف زئی دس دسمبر 2014 میں دنیا کی سب سے کم سن نوبل امن انعام جیتنے والی شخصیت بن گئی تھیں۔