خبرنامہ پاکستان

ملالہ یوسف زئی کی تصویر لندن کی نیشنل پورٹریٹ گیلری میں آویزاں

لندن:(ملت آن لائن) نوبیل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی کی تصویر لندن کی نیشنل پورٹریٹ گیلری میں آویزاں کردی گئی۔

ملالہ یوسف زئی کی تصویر کے ساتھ معروف پشتو شاعر رحمت شاہ کی نظم بھی چسپاں کی گئی جس میں ملالہ یوسف زئی کو ہمت و شجاعت کا مظاہرہ کرنے کے لیے خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

ملالہ کے والد ضیاء الدین یوسف زئی نے ٹوئٹر پر لندن کی نیشنل پورٹریٹ گیلری میں آویزاں ملالہ کی تصویر اور نظم شیئر کی اور ساتھ میں لکھا، ’ہم فنکار شیرین نشاۃ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ایک زبردست فن پارہ بنایا ہے جو ہمت، حوصلے اور عزم کی عکاسی کر رہا ہے‘۔

ملالہ اس وقت لندن کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں، ساتھ ہی وہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بچیوں کی تعلیم اور خواتین کے حقوق کے لیے بھی کام کرتی ہیں جس کے لیے ملالہ فنڈز کا قیام عمل میں لایا گیا۔

یاد رہے کہ ملالہ یوسف زئی کا تعلق سوات سے ہے جنہیں 2009 میں 12 برس کی عمر میں اسکول سے واپسی پر دہشت گردوں نے گولیوں کا نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد ان کو طبی علاج کے لیے لندن لے جایا گیا اور وہ اب وہیں مقیم ہیں۔