خبرنامہ پاکستان

ملا فضل اللہ ایسی جگہ ہیں جہاں افغان حکومت کا کنٹرول نہیں،افغان سفیر

پشاور(آئی این پی )پاکستان میں افغانستان کے سفیر ڈاکٹر عمر زاخیل وال نے کہاہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ ملا فضل اللہ افغانستان کے ایک ایسے علاقے میں موجود ہیں جہاں افغان حکومت کا کوئی کنٹرول نہیں ، پاکستان اور افغانستان میں ایسے عناصر موجود ہیں جو مذاکرات ہوتا دیکھ نہیں سکتے،سمجھ نہیں آتاصلح کی باتیں شروع ہو تے ہی کون حملے شروع کردیتاہے۔ پشاور میں افغان قونصل خانے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زاخیل وال کا کہنا تھا کہ افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان بات چیت کے لیے موجودہ حالات سازگار ہیں۔انھوں نے کوئی حتمی تاریخ بتائے بغیر کہا کہ یہ مذاکرات جلد ہوں گے۔زاخیلوال کا کہنا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز مذاکرات کا آغاز چاہتے ہیں اور اس وقت اگر مذاکرات ہوئے تو ان کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔افغان سفیر کا کہنا تھا کہ دونوں طرف بعض عناصرامن کی فضا کوخراب کرنا چاہتے ہیں لیکن پاکستان اور افغانستان کو اتحاد کو مظاہرہ کرنا ہوگا۔انھوں نے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا، لیکن ساتھ ہی پاکستانی حکام کی جانب سے افغان پناہ گزینوں کو ہراساں کیے جانے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔عمر زاخیلوال کا کہنا تھا کہ ہم سب کچھ برداشت کرسکتے ہیں لیکن افغان مہاجرین کی بے عزتی ناقابل قبول ہے اور پاکستانی حکومت کی جانب سے رجسٹریشن سے پہلے انھیں جیل میں نہیں رکھا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جانب ایسے عناصرموجودہیں جوصلح ہوتی نہیں دیکھ سکتے تاہم ہمیں امن کے قیام کیلئے تمام اختلافی باتوں کوچھوڑناہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کا برادر دوست ملک ہے ، پاکستان اور افغانستان دونوں میں امن قائم ہونا چاہیے،افغانستان کبھی بھی پاکستان مخالف قوتوں کواپنے ہاں پناہ نہیں دیتا۔(اح)