خبرنامہ پاکستان

ملزم سعید احمد کی ریفرنس خارج کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

ملزم سعید

ملزم سعید احمد کی ریفرنس خارج کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد:(ملت آن لائن) اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کیس میں صدر نیشنل بینک سعیداحمد خان کی ضمنی ریفرنس خارج کرنے کی درخواست پر فیصلہ کل سنایا جائے گا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے اثاثہ جات ضمنی ریفرنس کے شریک ملزم سعید احمد کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت سعید احمد کے وکیل حشمت حبیب ایڈووکیٹ نے ضمنی ریفرنس خارج کرنے کی استدعا کی اور کہا کہ نیب ریفرنس کے متن کے مطابق سعید احمد کے خلاف کیس بنتا ہی نہیں، ضمنی ریفرنس سپریم کورٹ کے پانامہ فیصلے کی روح کے منافی یے۔ حشمت حبیب ایڈووکیٹ نے کہا کہ سپریم کورٹ حدیبیہ پیپر ملز کیس میں اسحاق ڈار کا بیان حلفی مسترد کر چکی ہے لہذا عدالت ضمنی ریفرنس کو مسترد کرے اور نیب کو غلط الزامات پر ضمنی ریفرنس میں شامل کرنے پر معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔ نیب پراسیکیوٹر عمران شفیق نے دلائل میں کہا کہ سعید احمد کے 7 فارن کرنسی اکاونٹس میں کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئی، سعید احمد کے فارن کرنسی اکاونٹس 19997 سے 2006 تک آپریٹ ہوتے رہے۔ سعید احمد نے کہا کہ 2016 میں پتا چلا کے میرے نام پر اکاونٹ آپریٹ ہوتے رہے، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ درست ہے کہ اکاونٹ اوپننگ فارمز پر سعید احمد کے جعلی دستخط ہوئے، ن منصوبہ بندی کے تحت سعید احمد نے جعلی دستخطوں کے ذریعے اکاونٹ کھولے۔ نیب پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ حیران کن ہے کہ ڈپٹی گورنر یا صدر نیشنل بینک کو پتا نہیں کہ انکے نام پر جعلی اکونٹ کھولے گئے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی بھی کل تک موخر کردی اور صدر نیشنل بینک سعید احمد کے ضمنی ریفرنس خارج کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کل سنایا جائے گا۔