خبرنامہ پاکستان

ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ آئی ایم ایف کا پروگرام تکمیل کے قریب ہے:

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کے معاشی استحکام میں آئی ایم ایف کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ آئی ایم ایف کا پروگرام تکمیل کے قریب ہے، حکومت اقتصادی راہداری کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے، گزشتہ اڑھائی سال میں آئی ایم ایف سے مل کر بہتر کارکردگی دکھائی، ملک کی مالی صورتحال مستحکم ہو چکی ہے، کاروبار اور تجارت کو فروغ مل رہا ہے،روزگار بڑھانے اور غربت میں کمی کے ترقیاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ وہ جمعرات کو آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر مسعود احمد سے ملاقات میں بات چیت کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ قومی پیداوار میں ترقی، مالی خسارے میں کمی اور مالیاتی استحکام ہماری ترجیحات ہیں، حکومت نے معاشی میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، پاکستان میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے، ملک میں آئی ایم ایف پروگرام کے اہم شعبوں میں بہتری آئی ہے،ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوا ہے، زر مبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 20ارب ڈالر پر ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے معاشی استحکام میں آئی ایم ایف کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ آئی ایم ایف کا پروگرام تکمیل کے قریب ہے، حکومت اقتصادی راہداری کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے، گزشتہ اڑھائی سال میں آئی ایم ایف سے مل کر بہتر کارکردگی دکھائی، ملک کی مالی صورتحال مستحکم ہو چکی ہے، کاروبار اور تجارت کو فروغ مل رہا ہے،روزگار بڑھانے اور غربت میں کمی کے ترقیاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں بہتری سے ملکی اقتصادیات مستحکم ہوئیں، عالمی مالیاتی منڈیوں میں پاکستان کی درجہ بندی بہتر ہوئی ہے، اقتصادی بہتری سے پاکستانی عوام کی معاشی حالت اب بہتر ہے۔ آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر مسعود احمد نے حکومت پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں کے نتائج کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کا ترقیاتی ایجنڈا معیشت کی مضبوطی میں معاون ثابت ہو گا۔(اح)