خبرنامہ پاکستان

ملک بھرمیں بیشتر بینک بند، لنک ڈاؤن

لاہور: (اے پی پی) ملک بھر میں بیشتر بینک بند ہونے اور لنک ڈاؤن ہونے سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، دوسری طرف ریٹائرڈ سرکاری ملازمین پنشن کے حصول کیلئے در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہو گئے ۔ رحیم یارخان میں نیشل بنک آف پاکستان کی مین برانچ کا کمپیوٹر سسٹم فیل ہونے سے ایک بھی چیک کیش نہ ہو سکا ۔ آج عید سے پہلے آخری بنک ڈے ہے ، سینکڑوں سرکاری ملازمین کا عید پر تنخواہوں سے محروم رہنے کا خدشہ ہے ۔ دوسری طرف لاہور میں ریٹائرڈ سرکاری ملازمین پنشن کے حصول کیلئے در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ، نیشنل بنک کے باہر پنشنرز کا رش دیکھنے میں آرہا ہے جبکہ شہریوں کو اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ جبکہ اکثر بنکوں کے لنک ڈاؤن ہونے سے کام بند ہو گیا ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عید اپنوں کے ساتھ کرنے جانا ہے مگر متعدد مشینیں خراب ہیں ۔ لنک ڈاؤن ہونے کے باعث انہیں گھنٹوں انتظار کی زحمت اٹھانا پڑ رہی ہے ۔ ملتان جی پی او کے باہر بھی پنشن کے حصول کے پنشنرز کی لمبی لائنیں لگ گئی ہیں ، شدید گرمی کے موسم میں پنشنرز دھوپ مین کھڑے خوار ہو رہے ہیں ۔ جی پی او حکام نے 5 کے بجائے 3 کائونٹرز قائم کئے ہیں ، خواتین کے لیے علیحدہ کاؤنٹرز قائم نہیں کیا جس سے انکو دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ جی پی او اہلکار رشوت کے عوض اپنے من پسند افراد کو نواز رہے ہیں جبکہ عام شہری خوار ہو رہے ہیں ۔ پنشنرز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پنشن کے حصول کو آسان بنایا جائے اور ان کو بنکوں کے ذریعے پنشن فراہم کی جائے ۔