خبرنامہ پاکستان

ملک بھرمیں جمعہ کےموقع پرسیکیورٹی کےسخت انتظامات

اسلام آباد:ملک بھرمیں رمضان المبارک کےدوسرے جمعہ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظاما ت کیےگئے ہیں،تمام چھوٹی بڑی مساجد پر پولیس اہلکار تعینات ہیں، جبکہ داخلی وخارجی راستوں پر اضافی چیک پوسٹیں قائم کردی گئیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نماز جمعہ کی سیکیورٹی کےسخت انتظامات کیے گئےہیں اورکسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے سادہ لباس میں بھی پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ پشاور میں بھی نماز جمعہ کے اجتماعات کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں،چھوٹی و بڑی مساجد پرپولیس اہلکار تعینات ہیں، حساس مساجد کے باہر واک تھرو گیٹ بھی نصب کئے گئے ہیں۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کراچی میں نماز جمعہ کے موقع پر تمام مساجد امام بارگاہوں اور دیگر کھلے مقامات پر نماز کے اجتماعات کے موقع پر سیکیورٹی اقدامات کو فول پروف بنانے کی ہدایت کردی ہے۔ کوئٹہ میں بھی ماہ رمضان کےدوسرے جمعہ کے موقع پرمساجد اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئےہیں، شہرمیں قانون نافذ کرنے والے اداروں نےگشت بڑھادیا ہے۔