خبرنامہ پاکستان

ملک بھر میں آزادانہ ماحول میں الیکشن ہوئے :علی ظفر

ملک بھر میں آزادانہ ماحول میں الیکشن ہوئے :علی ظفر
انتخابات میں دھاندلی کی بات کرنا ن لیگ کا سیاسی بیان ہے :نگران وزیر اطلاعات

لاہور،اسلام آباد(ملت آن لائن)نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سید علی ظفر نے لاہور کے حلقہ این اے 135میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا، انہوں نے سٹی سکول راوی کیمپس جوہر ٹاؤن میں قائم پولنگ سٹیشن میں ووٹ کاسٹ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید علی ظفر نے کہا کہ عام انتخابات 2018تاریخ کے اہم ترین انتخابات ہیں جنہیں نگران حکومت نے شفاف بنانے کا اپنا وعدہ پورا کیا جس کا ثبوت یہ ہے کہ ملک بھر میں آزادانہ ماحول میں انتخابات ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت یہی کام کرسکتی ہے ۔سید علی ظفر نے کہا کہ نگران سیٹ اپ جب بنا تو یہ قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں کہ انتخابات تاخیر کا شکار ہوں گے ، انٹرنیشنل میڈیا بھی تاخیر کی باتیں کر رہا تھا اور ہر طرف پراپیگنڈاجاری تھا تاہم پاکستانی میڈیا نے اپنا مثبت کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے شکر گزار ہیں جس نے ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے اہم کردار ادا کیا، انتخابات سے پاکستان کی ترقی جڑی ہوتی ہے ۔سید علی ظفر نے کہا کہ امید ہے کہ ہارنے والی پارٹی جیتنے والی پارٹی کا خیر مقدم کرنے کے ساتھ ساتھ اسے مبارک باد دے گی یہی جمہوریت کا اصول ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کی بات کرنا ن لیگ کا سیاسی بیان ہے ۔