خبرنامہ پاکستان

ملک بھر میں جمعتہ الوداع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات

(آئی این پی )دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی جمعتہ الوداع انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے جب کہ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ملک بھر میں جمعتہ الوداع مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے جب کہ اس موقع پر جمعہ کی نماز میں پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ جمعتہ الوداع کے موقع پر دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر مساجد اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کے لئے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ جمعتہ الوداع کے ساتھ ملک بھر میں اپنے فلسطینی بھائیوں سے ہمدردی اور اظہار یکجہتی کے لئے یوم القدس بھی ملی وحدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے جس کے لئے جمعہ کی نماز کے بعد ملک بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور فلسطینیوں پر صیہونی افواج کے مظالم کے خلاف مظاہرے کئے جائیں گے۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ایس ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو صوبے بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے پٹرولنگ بڑھانے کا حکم دیا ہے۔