خبرنامہ پاکستان

ملک بھر میں سردی، کراچی میں بھی یخ بستہ ہوائیں چل پڑیں

کراچی:(ملت+اے پی پی) ملک بھر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے اور کوئٹہ سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برف باری اور بارشوں کے باعث شہر قائد میں بھی یخ بستہ ہوائیں چلنا شروع ہو گئی ہیں جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ملک کے شمالی علاقوں میں سردی کی شدت کے اضافے کے بعد کراچی میں سرد ہوائیں چلنا شروع ہو گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم مجموعی طورپرخشک رہے گا جب کہ آئندہ 3 سے 4 روز میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا، کوئٹہ اور قلات میں درجہ حرارت منفی 10 جب کہ نوکنڈی میں منفی 3 ڈگڑی سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ بارکھان اور خصدار میں کم سے درجہ حرارت ایک ڈگری جب کہ لسبیلہ میں کم سے کم درجہ حرارت4 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔