خبرنامہ پاکستان

ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار

لاہور: (ملت+اے پی پی) ملک بھر میں سردی کا شکنجہ برقرار ہے ، پہاڑوں پر برف کے ڈیرے ہیں ، گوپس میں درجہ حرارت منفی دس ، کالام منفی نو ، قلات اور کوئٹہ منفی چھ تک گر گیا ۔ میدانی علاقوں میں دھند کی وجہ سے موٹر وے کئی مقامات پر بند رہی ۔ ملک کے بیشتر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں ، لاہور میں بھی شدید ٹھنڈ پڑ رہی ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت چھ ہوگیا ۔ کراچی نو ، اسلام آباد ، پانچ اور پشاور میں بھی درجہ حرارت چھ ریکارڈ کیا گیا ۔ سب سے زیادہ سردی گوپس میں پڑی جہاں پارہ منفی دس تک گرگیا ۔ کالام منفی نو ، قلات اور کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی چھ ریکارڈ کیا گیا ۔ پہاڑوں پر برفباری کے بعد ہرطرف دلفریب نظارے ہیں جنہیں دیکھنے کیلئے سیاحوں کی بڑی تعداد ان علاقوں کا رخ کر رہی ہے ۔ راستے بند ہونے سے سیاح مشکلات کا شکار بھی ہیں ۔ موسم کی خبر دینے والے کہتے ہیں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی خیبرپختونخوا ، بالائی پنجاب ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے ۔ دوسری طرف ملک کے میدانی علاقوں میں آج بھی دھند چھائی رہی ۔ موٹر وے اور نیشنل ہائی وے پر حد نگاہ صفر ہونے سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوا ۔ ترجمان موٹر وے کی جانب سے ڈرائیور حضرات کو غیر ضروری سفر اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت بھی کی گئی