خبرنامہ پاکستان

ملک بھر میں یوم دفاع جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے

ملک بھر میں یوم دفاع جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے
لاہور،کراچی،اسلام آباد(ملت آن لائن)ملک بھر میں 52 واں یوم دفاع آج جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔

1965 میں آج کے دن بھارتی فوج نے پاکستان پر حملے کیلئے رات کی تاریکی میں بین الاقوامی سرحد عبور کی تاہم پاک فوج کے جوانوں نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملادئیے۔

یوم دفاع کے موقع پر آج وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں سے ہوا، نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

یوم دفاع پر ملک کی خاطر جان کا نذرانہ دینے والے میجر عزیز بھٹی شہید (نشان حیدر) سمیت دیگر شہدا کو یاد کیا جارہا ہے اور ان کی یادگاروں پر پھول چڑھائے جارہے ہیں اور فاتحہ خوانی کی جارہی ہے۔

اس موقع پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب ہوئی جس میں تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے شرکت کی جب کہ ایئروائس مارشل عمران خان نے بانی پاکستان کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

مزار قائد پر پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے جب کہ علامہ اقبال کے مزار پر رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے فرائض سنبھالے ہیں۔

میرپور آزاد کشمیر میں کورہیڈ کوارٹر منگلا میں یوم دفاع کی خصوصی تقریب ہوئی جس میں کورکمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل اظہر صالح عباسی نے شرکت کی اور یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔

تقریب میں 1948-1965اور 1971 کے شہدا کے لواحقین اور غازی شریک ہوئے جب کہ کارگل جنگ، آپریشن المیزان کےشہدا کے لواحقین اور غازی تقریب میں شریک تھے۔

یوم دفاع کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہو گی جس میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔

راولپندی ٹریفک پولیس نے خصوصی تقریب کے حوالے سے ٹریفک پلان بھی جاری کردیا جو دوپہر 2بجے سے تااختتام پروگرام نافذ العمل رہے گا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق مال روڈ(ٹی اینڈ ٹی چوک تا شالیمار چوک) بند رہے گی،کشمیر روڈ(ٹی اینڈ ٹی چوک تا چونگی نمبر 22)تک بند رہے گی۔

سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی اپنے بھائی شہید میجر شبیر شریف (نشان حیدر) کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

دوسری جانب صدر مملکت ممنون حسین نے یوم دفاع پر قوم کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ 6 ستمبر کو اہل پاکستان نے بے مثال قومی اتحاد کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اہل پاکستان دشمن کی جارحیت کے خلاف مسلح افواج کےشانہ بشانہ کھڑےہوئے، یہ دن دفاع وطن کے لیے ہر قسم کے خطرات کے خلاف ہمارا عزم مضبوط کرتاہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آپریشن ردالفساد ملک کے مختلف حصوں میں کامیابی سےجاری ہے، یہ آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا،

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یوم دفاع پر پیغام میں کہا کہ قوم نے اس دن دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستانی قوم کسی بھی جارحیت سےنمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اس روز پاک فوج نے بےمثال جرأت و بہادری سے دشمن کی آرزوؤں پر پانی پھیردیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم ایک ایٹمی قوت ہیں، ہماری افواج پہلے سے زیادہ تربیت یافتہ اور چوکس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضربِ عضب، ردالفساد اور خیبر4 نے دشمن کی کمر توڑدی ہے۔

علاوہ ازیں یوم دفاع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان اور نیول چیف ایڈمرل ذکاءاللہ نے بھی اپنے پیغامات دیئے۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم دفاع پاکستان ہمیں اپنے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جوانوں نے مثالی حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، ملک کو درپیش غیر معمولی مشکلات اسی جذبہ قومیت کی احیاء کے متقاضی ہیں، ہم سب یک جان ہو کران حالات کا مردانہ وار مقابلہ کر یں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہدا نے تاریخ کے نئے باب رقم کیے جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں، شہدا نے بلاشبہ، جرات و بہادری کے شاندار کارنامے سر انجام دے کر قربانی کی لازوال مثالیں قائم کیں، قوم مادروطن کی خاطر اپنی جانیں نچھاور کرنے والوں کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاءاللہ کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ آج کا دن اپنےغازیوں، شہدا کی بے مثال شجاعت اور ثابت قدمی کےنام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک نیوی اپنی بندرگاہوں، ساحلی پٹی، سمندری راہداریوں کے دفاع کے لیے ہر دم تیار ہے جب کہ پرامن بقائے باہمی کی خواہش کے ساتھ خطے میں تبدیلیوں اور چیلنجز سے باخبر رہنے کی ضرورت ہے۔